پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے الیکشن کمیشن کا انتخابات سے متعلق شیڈول مسترد کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ سی سی آئی کے فیصلوں کو کل سپریم کورٹ کے روبرو چیلنج کریں گے، الیکشن کمیشن کا انتخابی شیڈول بدنیتی پر مبنی اور آئین سے انحراف ہے۔
پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ آئین 90 دن میں انتخابات کا پابند بناتا ہے، الیکشن کمیشن کا شیڈول نگراں حکومت کو طویل دینے کی مجرمانہ کوشش ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ پنجاب اور کے پی کے بعد الیکشن کمیشن پھر آئین پامال کرنے میں مصروف ہے، سی سی آئی فیصلے کو انتخابات سے فرار کے جواز کے طور پر استعمال نہیں کیا جاسکتا۔
پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ چاروں منتخب وزرائے اعلیٰ بھی سی سی آئی کا حصہ ہوتے ہیں، سی سی آئی میں پنجاب کے پی کے نگراں وزرائے اعلیٰ کو فیصلہ سازی کا حق نہیں۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حلقہ بندیوں کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عام انتخابات 90 دن کے اندر نہیں ہو سکتے۔