گیارہ سالہ اقتدار میں پیپلزپارٹی نے سندھ کے لیے کچھ نہیں کیا، تحریک انصاف

کراچی: تحریک انصاف کے ترجمان نے وزیراعلیٰ سندھ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مراد علی شاہ آصف علی زرداری گروپ کا حصہ ہیں، گیارہ سال تک اقتدار میں رہنے کے باوجود پیپلزپارٹی نے سندھ کے لیے کچھ نہیں کیا۔

تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے زیراہتمام بدین میں جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور سابق صدر آصف علی زرداری نے حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

مرادعلی شاہ کےبیان پرترجمان پی ٹی آئی سندھ کارد عمل دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کے ترقیاتی بجٹ کے 258 ارب روپے کس شہر میں خرچ کیے گئے، وزیراعلیٰ اس بات کا جواب دیں، صحت کےشعبےمیں ترقیاتی بجٹ صرف9فیصدخرچ ہوسکا؟۔

مزید پڑھیں: جاننا چاہتے ہیں کراچی کے مسائل کیوں نہیں حل کیے جا رہے؟ خرم شیر زمان

ترجمان تحریک انصاف نے مراد علی شاہ سے سوال کیا کہ وہ دیگر صوبائی محکموں کا بھی بتائیں جن پر گیارہ سال میں ایک بھی پیسہ خرچ نہیں کیا گیا، سندھ کا بجٹ خرچ نہ کرنے والے وزیراعلیٰ ڈرامےبازی کرنے پر اتر آئے۔

تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ ’زرداری بتائیں 11سال میں سندھ کے عوام کےلیے پینے کا پانی کیوں نہیں دیا گیا؟ صوبے کے کسی اسپتال میں علاج کی سہولت نہیں جبکہ اسکولوں میں آج تعلیم بھی میسر نہیں ہے‘۔

خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ ’پی پی کے دورِ حکومت میں صرف سندھ میں کرپشن کو فروغ دیا گیا، گیارہ سال میں صوبے کے لیے کوئی اقدامات نہیں ہوئے صرف زبان سےحکومت چلائی گئی، آج سندھ 100 سال پیچھے چلا گیا، تھر میں بچے مررہے ہیں مگر حکمرانوں کی عیاشیاں ختم نہیں ہورہی‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ ’سندھ کے عوام کے ساتھ اب مزید زیادتی نہیں ہونے دیں گے، عوام کا پیسہ لوٹنے والے بہت جلد اڈیالہ میں ہوں گے، آج بھی وزیر اعلیٰ کی برطرفی اور استعفےکے مؤقف پرکھڑے ہیں‘۔

وزیراعلیٰ سندھ کا خطاب 

قبل ازیں بدین میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے اعتراف کیا کہ ’ہم سے غلطیاں ہوئیں جس کی وجہ سے باہر کے لوگوں کو یہاں لاکر بیٹھایا گیا اور انہوں نے پھر پارٹی کی پیٹ میں چھرا گھونپا‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے ساتھ ہونے والی حالیہ میٹنگ میں سندھ کوپانی کاحصہ ملنےکا نکتہ اٹھایا تھا، حکومتی شخصیات نے بدین کے حوالے سے ایک لفظ بھی نہیں کہا جبکہ ہم آج بھی اپنے مؤقف پر قائم ہیں کہ سندھ کے ساتھ ناانصافی ہورہی ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: جھوٹے الزام پر پھانسی قبول، قبر تک عوام کی خدمت کروں گا، آصف زرداری

وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ’وفاقی حکومت سے صوبے کے لیے اچھے کی کوئی امید نہیں مگر ہم عوام کا حق ہر صورت لے کر رہیں گے، گزشتہ 6 ماہ کے دوران  سندھ کو 90 ارب روپے کم دیے گئے‘۔

مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ ’بدین اور تھرجیسے علاقوں میں جلد ترقی ہوگی، عوام نے ہر بار ہم پر اعتبار کیا، حالیہ انتخابات میں عوام نے پی پی اور بھٹو کے منشور پر پہلے سے زیادہ اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے زیادہ ووٹس اور نشتیں دیں‘۔