پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کی طرح بانی پی ٹی آئی کی بھی ضمانت ہونی چاہیے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جس طرح بشریٰ بی بی کی ضمانت ہوئی، اسی طرح عمران خان کی بھی ہونی چاہیے۔ ڈیل کی کوئی بات نہیں، بانی پی ٹی آئی کے مقدمات میں کچھ ہے ہی نہیں۔
سلمان اکرم راجا نے مزید کہا کہ فسطائیت کے نظام کے سامنے قانون اور عدل کی کوئی اہمیت نہیں۔ جو حق کیساتھ کھڑا ہوتا ہے، اس پر مقدمات بنا دیے جاتے ہیں۔ مجھ پر دہشت گردی کے 7 مقدمات بنا دیے گئے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آج ضمانت کیلیے حاضری تھی، پیش ہوا اور ہوتا رہوں گا۔ اڈیالہ جا رہا ہوں، بانی پی ٹی آئی کے کیسز کو بھی آگے بڑھا رہے ہیں۔ جب بھی حق اور انصاف کی عدالت میں مقدمہ آئے گا، سرخرو ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کسی غیر جمہوری عمل کا ساتھ نہیں دیں گے۔ قانون کے مطابق جب کوئی عمل ہوتا ہے، تو اس کو ڈیل سے منسوب نہ کیجیے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کو توشہ خانہ کیس ٹو میں ضمانت کے بعد اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے 9 ماہ جیل میں گزارے اور رہائی کے بعد پارٹی رہنماؤں کے مشورے پر پشاور کا رخ کیا۔
بشریٰ بی بی کی رہائی کے دو روز بعد عمران خان کی دونوں بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو بھی ضمانتوں پر رہا کر دیا گیا تھا۔
https://urdu.arynews.tv/bushra-bibi-meet-kanwal-shauzab/