تحریک انصاف کی وزیراعظم کے خلاف تحریک التوا اور تحریک استحقاق جمع

اسلام آباد : تحریک انصاف نے وزیراعظم کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک التوا اور تحریک استحقاق جمع کروادیں، تحاریک پر عمران خان سمیت تمام پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کے دستخط ہیں۔

تحریک انصاف نے وزیراعظم کی غلط بیانی کرنےثابت کرنے کیلئے اسمبلی اجلاس کا بائیکاٹ ختم کردیا اور نوازشریف کی تقریر کے پوائنٹس کو بنیاد بناکر اسمبلی میں تحاریک جمع کرودایں۔

nawz

سولہ مئی کو وزیراعظم نے اسمبلی سے خطاب میں کہا تھا کاروبار کی تمام دستاویز موجود ہیں، وقت آنے پرپیش کردیں گے۔

سپریم کورٹ میں پاناما کیس کی سماعت کے دوران شریف خاندان کے وکلامنی ٹریل کے مستند ثبوت پیش نہیں کرسکے تو تحریک انصاف نے اپنی تحاریک میں وزیراعظم کی تقریر کے پوائنٹس کو ہی بنیاد بنالیا۔

جمع کرائی گئی تحاریک کے متن میں کہا گیا ہے وزیراعظم نے کاروبار کی تفصیلات بتائے ہوئے کہا تھا کہ گلف اسٹیل بیچ کرلندن فلیٹس خریدے، سپریم کورٹ میں گلف اسٹیل کو خسارے میں دکھایا، ایوان کو بولا تمام دستاویزی ثبوت ہیں جبکہ سپریم کورٹ میں دلائل دیئے کاروبار پرچیوں پر تھا۔

تحاریک کے متن کے مطابق قطری شہزادے کا ذکروزیراعظم یا شریف خاندان کے کسی فرد نے نہیں کیا،اچانک قطری شہزادے کا خط بھی سامنے لے آئے۔


مزید پڑھیں : خورشید شاہ نے نواز شریف کے خلاف تحریک استحقاق جمع کرادی


یاد رہے کہ وزیراعظم کی تقریر سے متعلق قائدحزب اختلاف خورشیدشاہ نے بھی گزشتہ روزحکومت کے خلاف تحریک اسمبلی میں جمع کرائی تھی۔

خورشید شاہ نے جمع کرائی گئی تحریک استحقاق میں موقف اپنایا ہے کہ وزیراعظم نے غلط بیانی کرکے مقدس ایوان کا استحقاق مجروح کیا، وزیراعظم کی تقریر کو اسمبلی کے فلور پر انتہائی مقدس سمجھا جاتا ہے لیکن انہوں نے اس مقدس ایوان کے فلور پر جھوٹ بولا۔