پی ٹی آئی کا یوم تشکر، عوام کا جم غفیر سڑکوں پر امڈ آیا

اسلام آباد: سپریم کورٹ کے تاریخ ساز فیصلے پر ملک بھر میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے "یوم تشکر” منایا جارہا ہے، چیئرمین عمران خان کچھ دیر بعد قوم سے خطاب میں ٓآئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری رولنگ کالعدم قرار دینے، پرویز الہیٰ کو وزیراعلیٰ پنجاب مقررکرنے کے تاریخ ساز فیصلے پر پاکستان تحریک انصاف نے آج ملک بھر میں یوم تشکر منانے کا اعلان کیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی ہدایت پر شہر شہر، گاؤں گاؤں اور قریہ قریہ عوام کا سمندر امنڈ آیا ہے کہیں شاندار آتش بازی کی جارہی ہے تو کہیں ڈھول کی تھاپ پر علاقائی رقص کیا جارہا ہے، جشن کی خاص بات یہ ہے کہ خواتین کے ساتھ بچوں کی بھی بڑی تعداد اس جشن میں شریک ہے۔

یوم تشکر کی مرکزی تقریب اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں جاری ہے، جہاں پی ٹی آئی قائدین عوام سے مخاطب ہیں، جلسہ گاہ میں تل دھرنے کو جگہ نہیں، ہر جانب عوام کا سمندر موجزن ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کچھ دیر بعد قوم سے مخاطب ہونگے اور اپنے خطاب میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے، عمران خان کی تقریر کو سننے کے لئے شرکا میں بہت جوش وخروش پایا جاتا ہے۔