26 نومبر احتجاج کیس: پی ٹی آئی کارکنوں کا اقبال جرم، قید کی سزا سنا دی گئی

26 نومبر احتجاج کیس: پی ٹی آئی کارکنوں کا اقبال جرم، قید کی سزا سنا دی گئی

راولپنڈی (19 اگست 2025): انسداد دہشتگردی عدالت نے 26 نومبر احتجاج کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 4 کارکنوں کو قید کی سزا سنا دی۔

26 نومبر احتجاج کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی، اس موقع پر پراسیکیوٹر ظہیر شاہ اور ملزمان کے وکلا عدالت میں پیش ہوئے۔

اے ٹی سی نے تھانہ انجرا اٹک میں درج مقدمے میں 4 پی ٹی آئی کارکنان کو 4، 4 ماہ قید کی سزا سنائی۔ عدالت نے جلاؤ گھیراؤ کی دفعات کے تحت مقدمے میں فیصلہ سنایا۔

پی ٹی آئی کارکنوں میں عامر خان، سردار خان، خان محمد اور جاوید اقبال شامل ہیں جنہوں نے عدالت میں اقبال جرم کیا، ملزمان نے عدالت میں اپنے اقبالی بیانات بھی جمع کروا دیے۔

پی ٹی آئی کارکنوں کا کہنا تھا کہ قیادت کے اکسانے پر پُرتشدد احتجاج میں شریک ہوئے، غریب مزدور انسان ہیں لہٰذا سزاؤں میں نظر ثانی کی جائے۔

واضح رہے کہ مئی میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے 26 نومبر احتجاج کے دوران گرفتار پی ٹی آئی کے 86 کارکنان کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

اُس وقت کے قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف نے پی ٹی آئی کارکنوں کی ضمانتیں منظور کیں، علی بخاری کی کارکنان کے ضمانتی مچلکے کم کرنے کی استدعا منظور کی۔

پی ٹی آئی کارکنوں کی ضمانتیں 10، 10 ہزارمچلکوں کے عوض منظور کی گئیں۔

فروری میں بھی اسلام آباد ہائیکورٹ نے 26 نومبر احتجاج کیس میں گرفتار تمام 120 کارکنوں کی ضمانتیں منظور کی تھیں۔ قائم مقام چیف جسٹس سرفرازڈوگر اورجسٹس محمد آصف نے ضمانتیں منظورکیں اور فوری رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔