لاہور: رہنما پی ٹی ۤآئی فواد چوہدری نے اعظم سواتی کی گرفتاری اور ہوشربا مہنگائی پر ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ اعظم سواتی پر پینتالیس ایف آئی آر درج کی گئیں، کیس کی سماعت کے دوران انہوں نے چیف جسٹس ہائیکورٹ پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ اعظم سواتی کےلیے سب جیل ڈیکلیئرکرنے کی مذمت کرتےہیں، اعظم سواتی پر درج مقدمات کیخلاف بھرپوراحتجاج کیاجائے گا کل وہاں احتجاج کیا جائے گا جہاں سے اعظم سواتی کوگرفتار کیا گیا تھا۔
فواد چوہدری نے ملک میں جاری ہوشربا مہنگائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں مہنگائی آسمان کو چھورہی ہے، لوگوں کو بجلی،گیس مل نہیں رہی، اعظم سواتی کی گرفتاری کے ساتھ ساتھ مہنگائی کے خلاف بھی کل ملک گیر احتجاج ہوگا۔
رہنما پی ٹی آئی نے بتایا کہ یہ احتجاج تین ہفتوں تک جاری رہے گا، بعد ازاں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اس احتجاج کا حصہ بنیں گے اور اگلے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔
میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری نے ایک بار پھر ٹیکنو کریٹ سیٹ اپ سے متعلق پارٹی موقف کو دہرایا کہ جو بھی ٹیکنوکریٹ کا خواب دیکھ رہے وہ عوام کو کسی صورت قبول نہیں ہوگا،پہلے بھی سات آٹھ ماہ میں جتنے بھی آئیڈیاز آئے یہ بھی اسی طرح ناکام ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: تباہ حال معیشت کے باوجود حکومت کی شاہ خرچیاں جاری
فواد چوہدری نے قائد مسلم لیگ (ن) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نوازشریف نے فوج کی لیڈرشپ کو متنازع بناکرملک میں مارشل لا لگانے کی کوشش کی، یہ چاہتے ہیں کہ پاکستان میں الیکشن نہ ہون چاہےٹینکو کریٹ حکومت بن جائے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ عوام کو لیب کا چوہا نہ سمجھاجائے،جس پرروزانہ تجربات کیےجارہےہیں،پاکستان کاآئین بحال کرکے،انتخابات کی جانب بڑھاجائے۔