پاکستان تحریک انصاف نے ملک میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر ڈوزیئر تیار کر لیا ہے 200 صفحات پر مشتمل ڈوزیئر آج عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے ملک میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر ڈوزیئر تیار کر لیا ہے۔ یہ ڈوزیئر 200 صفحات پر مشتمل ہے جو آج عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ پچھلے 11ماہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو ڈوزئیر کا حصہ بنایا گیا ہے جس کی کاپی اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے۔
ڈوزیئر میں پی ٹی آئی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے سے ظل شاہ کی شہادت تک کی تفصیلات شامل ہیں۔ زمان پارک آپریشن، کارکنوں کی جبری گمشدگی اور کسٹوڈیل ٹارچر کا بھی ذکر ہے۔ پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریاں اور پر تشدد کارروائیاں بھی اس کا حصہ ہیں۔
ڈوزیئر میں پی ٹی آئی لیڈر شپ پر دہشتگردی اور غداری کے قائم سنگین مقدمات کی تفصیلات شامل کی گئی ہیں اس کے علاوہ صحافیوں پر تشدد، گرفتاریاں اور اظہار رائے کی آزادی پر پابندی کا معاملہ بھی اٹھایا گیا ہے۔ ٹی وی چینلز کی بندش، سیاسی ریلیوں پر پابندی اور پیمرا کے غیر قانونی احکامات بھی ڈوزیئرکا حصہ بنائے گئے ہیں۔ سینیئر صحافی ارشد شریف کا قتل، سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کیخلاف کریک ڈاؤن کی بھی تفصیلات شامل ہیں۔
پی ٹی آئی کے تیار کردہ ڈوزئیر کی تفصیلات ملکی میڈیا کے ساتھ عالمی میڈیا کو بھی فراہم کی جائیں گی جب کہ اس کو پاکستان میں موجود انٹرنیشنل کمیونٹی اور غیر ملکی سفیروں کو بھی بھیجا جائیگا۔