راولپنڈی : پولیس نے پی ٹی آئی کی جلسے کی کال کے پیش نظر فیض آباد کو کنٹینرز لگا کر مکمل طور پر سیل کر دیا، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد میں جلسے کی کال کے معاملے پر پولیس نے فیض آباد کو کنٹینرزلگا کر مکمل طورپر سیل کر دیا۔
راولپنڈی:ڈبل روڈ، 26نمبرچونگی کوبھی پولیس نےمکمل طور پرسیل کر دیا م راستوں کی بندش کےباعث گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
راولپنڈی اور اسلام آباد میں میٹروبس سروس معطل کردی گئی ہے جبکہ فراہم کردہ متبادل راستوں پرراولپنڈی پولیس کی بھاری نفری تعینات کردیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر راولپنڈی میں 24اگست تک دفعہ 144نافذ ہے اور شہر میں جلسے، جلوس، ریلیوں اور مظاہروں پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔
اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے جلسے کا این اوسی منسوخ کردیاگیا ہے، ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مذہبی جماعتوں نےاحتجاج کی کال دےرکھی ہے، ایسی صورتحال میں جلسےکی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد میں ریڈ زون کو سیل کر دیا گیا ہے اور اسلام آباد کے سرکاری و نجی اسکولوں میں آج تعطیل ہے، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے صورتحال کے تناظر میں اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا، وزارت داخلہ کے مطابق بچوں کی حفاظت کے پیش نظر اسکول بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔