ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کا ووٹ 37 فیصد سے بڑھ کر 49 فیصد ہو گیا، پلڈاٹ سربراہ

اسلام آباد : پلڈاٹ کے سربراہ جاوید نواز کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخابات مین پی ٹی آئی کا ووٹ 37 فیصد سے بڑھ کر 49 فیصد ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیجسلیٹو ڈویلپمنٹ اینڈ ٹرانسپیرنسی (پلڈاٹ) کے سربراہ جاوید نواز نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ 11ضمنی انتخابات میں ثابت ہوا پی ٹی آئی کی واضح لیڈ آئی ہے ، ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کے مینڈیٹ میں اضافہ بھی ہوا۔

سربراہ پلڈاٹ کا کہنا تھا کہ مقبولیت کاپیمانہ ووٹ ہوتا ہے، پی ٹی آئی کے ووٹ بڑھے ہیں اور 16 اکتوبر کو 11 حلقوں کے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کا ووٹ 37 فیصد سے بڑھ کر 49 فیصد ہو گیا۔

جاوید نواز نے کہا کہ سب کوپتہ تھا پی ٹی آئی نے اسمبلی میں نہیں جانا لیکن پھر بھی کامیاب ہوئی ، پی ٹی آئی نے اپنی جیت کے ذریعے جو پیغام دینا تھا وہ دے دیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ووٹ کی شرح نکالےتو11حلقوں میں پی ٹی آئی ووٹ بینک بڑھاہے جبکہ 7حلقوں میں پی ڈی ایم کاووٹ بینک کم ہواہے۔

سربراہ پلڈاٹ نے کہا کہ 3حلقوں میں پی ڈی ایم کاووٹ بینک بڑھالیکن پی ٹی آئی جتنانہیں ہے۔

دوسری جانب فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (FAFEN) کے مطابق ضمنی انتخابات میں ووٹر ٹرن آؤٹ 35 فیصد تک گر گیا۔

فافن کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ 16 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں صرف تین خواتین سمیت کل 118 امیدواروں نے حصہ لیا۔