بھارتی دارالحکومت دہلی میں آئندہ ماہ جی 20 کا سرابرہی اجلاس منعقد ہو رہا ہے جس کے باعث 8 سے 10 ستمبر تک عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں آئندہ ماہ جی 20 سربراہی اجلاس منعقد ہوگا۔ اس اہم موقع پر دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے دہلی میں 8 سے 10 ستمبر تک عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ تین دن تک تمام سرکاری اسکولز، دفاتر بشمول ایم سی ڈی دفاتر بند رہیں گے۔
جی 20 سربراہی اجلاس کی سیکیورٹی کے پیش نظر دہلی پولیس نے چیف سیکریٹری سے اس موقع پر عام تعطیل اور تجارتی وکاروباری اداروں کو کنٹرولڑ بند کرنے کی درخواست کی تھی۔
اس حوالے سے اسپیشل کمشنر آف پولیس ایس ایس یادو نے کہا کہ اس اہم موقع پر دہلی کے لوگوں کی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے بہتر انتظامات کے ساتھ تقریب کو مکمل کیا جائے گا اور سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ دنوں میں دہلی میں منعقد ہونے والے پروگرام کے حوالے سے ٹریفک روٹ ڈائیورشن پر مبنی خصوصی ہدایات بھی جاری کی جائیں گی تاہم عوام اس حوالے سے کسی بھی قسم کی گمراہ کن خبروں پر دھیان نہ دیں۔
واضح رہے کہ جی 20 دنیا کے اہم معاشی ممالک پر مشتمل تنظیم ہے جس کا عالمی تجارت میں حصہ 75 فیصد کے لگ بھگ ہے جب کہ عالمی جی ڈی پی میں ان ممالک کی شراکت 85 فیصد ہے۔ 2007 میں آنے والے عالمی معاشی بحران کے بعد جی 20 کو سربراہان مملکت اور حکومت کی سطح پر بڑھا دیا گیا تھا اور اس کو بین الاقوامی اقتصادی تعاون کے لیے پریمیئر فورم کا نام دیا گیا تھا۔