پاکستان علما کونسل نے سویڈن سے فوراً تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا

پاکستان علما کونسل نے قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سویڈن سے فوراً تعلقات ختم کیے جائیں۔

علما و مشائخ سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان علما کونسل علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ سویڈن سے تعلقات فوراً ختم کیے جائیں، سویڈن حکومت نے خود قرآن پاک کی بے حرمتی کی اجازت دی۔

طاہر اشرفی نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ سویڈن کے سفیر کو پاکستان سے نکالا جائے، کونسل نے 26 جولائی کو تمام علما کو اس سلسلے میں مدعو کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات سویڈن میں ایک مرتبہ پھر قرآن کریم کی بے حرمتی کی گئی، اب ہم پر ذمہ داری ہے کہ پاکستان سے سویڈن کے سفیر کو نکالا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) بھی سویڈن سے تعلقات ختم کرنے کا فیصلہ کرے، سویڈن حکومت کی جانب سے ایسی اجازت دینا قابلِ مذمت ہے۔