خواتین کو تیزاب گردی سے بچانے کا ‘پنجاب ایسڈ کنٹرول بل’ اسمبلی میں جمع

تیزاب

لاہور : خواتین کو تیزاب گردی سے بچانے کا پنجاب ایسڈ کنٹرول بل پنجاب اسمبلی میں جمع کرادیا گیا، بل کے تحت 18 سال سے کم عمر افراد پر تیزاب کی خریدوفروخت پر پابندی ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں خواتین کوتیزاب گردی سے بچانے کا پنجاب ایسڈ کنٹرول بل 2024 جمع کرادیا گیا۔

چیئر پرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے بل سیکرٹریٹ میں جمع کروایا، حنابٹ نے کہا کہ مقصد تیزاب گردی کےسدباب کیلئے تیزاب کی خریدوفروخت کو منظم کرنا ہے، منظوری کے بعد بل فوری طور پر پورے پنجاب میں نافذ العمل ہوگا۔

چیئر پرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کا کہنا تھا کہ بل کےتحت تیزاب کےکسی بھی بیوپاری کو لائسسنگ اتھارٹی سےاجازت نامہ لیناہوگا اور بل کےتحت متعلقہ ضلع کا ڈی سی لائسنسگ اتھارٹی ہوگا،معیاد2سال ہوگی۔

انھوں نے بتایا کہ کسی بھی قانونی خلاف ورزی کی صورت میں مجاز اتھارٹی لائسنس کو منسوخ کرسکتی ہے، قانون کےنفاذ کے120 دن کے اندر لائسنس نہ لینے والوں کو جرمانہ اور سزا ہوگی۔

حنا بٹ کا مزید کہنا تھا کہ بل کے تحت 18 سال سے کم عمر افراد پر تیزاب کی خریدوفروخت پر پابندی ہوگی۔