لاہور (20 جولائی 2025): پنجاب میں سینیٹ کے ضمنی الیکشن کے لیے ضابطہ اخلاق جاری ہو گیا امیدواروں سیاسی جماعتوں پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب اسمبلی میں سینیٹ کی خالی نشست پر ضمنی الیکشن کل (پیر) ہوگا۔ اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق طے کیا ہے اور امیدواروں سمیت سیاسی جماعتوں، ایجنٹس اور ووٹرز کے لیے کوڈ آف کنڈکٹ جاری کر دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے مطابق پولنگ اسٹیشنز میں موبائل فون اور الیکٹرانک ڈیوائس لے جانا سختی سے ممنوع قرار دیا گیا ہے جب کہ بیلٹ پیپرز کی تصویر لینے پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔
ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ امیدوار یا حمایتی کسی سرکاری ملازم سے مدد نہیں مانگ سکتے اور کوئی سرکاری ملازم بھی کسی امیدوار کی حمایت یا مخالفت نہیں کر سکتا۔
کوڈ آف کنڈکٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ ضمنی الیکشن میں سرکاری وسائل استعمال نہیں ہوں گے جب کہ صدر مملکت اور گورنرز انتخابی مہم میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی سے سینیٹ کی جس نشست پر ضمنی الیکشن ہو رہا ہے۔ وہ مسلم لیگ ن کے سابق سینیٹر پروفیسر ساجد میر کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
ضمنی الیکشن میں مسلم ن کی جانب سے عبدالکریم جب کہ خدیجہ صدیقی، عبدالستار اور اعجاز حسین آزاد حیثیت میں امیدوار ہیں۔
https://urdu.arynews.tv/kanwar-dilshad-kp-senate-election-20-july-2025/