لاہور : پنجاب میں دہشت گردوں سے نمٹنے کے لئے 6 جدید اسالٹ ڈرونز کی فراہمی کا فیصلہ کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کی انسداددہشت گردی اینڈ ہارڈنڈ دی اسٹیٹ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس کی صدارت صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمدبھرتھ نے کی۔
اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کی روشنی میں پنجاب میں ہونے والےاقدامات کا جائزہ لیا گیا اور چینی باشندوں کی فوری مدد،رہنمائی کیلئے خصوصی واٹس ایپ نمبر جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ملک صہیب احمد نے کہا کہ پنجاب بھر میں جاری پروجیکٹس پر کام کرنیوالی ورک فورس کی ویری فکیشن کا عمل جاری ہے ، ڈی جی خان اور میانوالی میں قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہیں۔
صوبائی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں سے نبرد آزما ہونے کیلئے 6 جدید اسالٹ ڈرونز کی فراہمی کا عمل جاری ہے، ڈی جی خان میں دہشت گردی کا جواب دینے کیلئے اسالٹ ڈرون فراہم کر دیا۔
انھوں نے کہا کہ بلوچستان میں کارروائیوں کی روک تھام کیلئےمسافربسوں کو سیکیورٹی دی گئی ہے، نیشنل ایکشن پلان کے تحت پنجاب میں 14جوائنٹ چیک پوسٹس کی تعمیر کا عمل جاری ہے، سی ٹی ڈی پنجاب نے دہشت گردوں کیخلاف 2 ہزار انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے ہیں۔
صوبائی وزیر نے تعلیمی اداروں میں موجود غیر ملکی اور دیگر صوبوں کے طلبا کا ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں منشیات کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے، 19 ہزار کلوگرام سے زائدمنشیات، 1700کلو گرام ہیروئن اور 1010 کلوگرام آئس پکڑی گئی۔