الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب میں 30 اپریل کو ہونے والی عام انتخابات ملتوی کرنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے اپنے سخت ردعمل کا اظہار کر دیا۔
اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو اختیار ہی نہیں کہ آئین کی خلاف ورزی کرے، چیف الیکشن کمشنر اور ارکان الیکشن کمیشن آرٹیکل 6 کے مرتکب ہوئے ہیں، فیصلہ ناقابل قبول ہے عدلیہ اور عوام آئین کا تحفظ کریں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ جلد لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، الیکشن ملتوی کر کے آئین کی خلاف ورزی کی گئی ہے،انتخابات ملتوی کرانے کا مطلب آئین پر حملہ ہے، یہ حکومت کس آئین و قانون کے تحت چلائی جاری ہے؟
انہوں نے بتایا کہ جلسے کے لیے ہم نے ہائی کورٹ سے اجازت لی جو پروگرام کے مطابق ہوگا، ہماری لیڈرشپ مشاورت کے بعد بھرپور ردعمل دے گی۔
بریکنگ نیوز: الیکشن کمیشن نے پنجاب کے الیکشن ملتوی کردی#ARYNews pic.twitter.com/ddN2JciyvH
— ARY NEWS (@ARYNEWSOFFICIAL) March 22, 2023
سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو پنجاب اور خیبر پختونخوا میں 90 روز کے اندر انتخابات کروانے کا حکم جاری کیا تھا جس کے مطابق الیکشن کمیشن نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو 30 اپریل سے 7 مئی تک کی تاریخیں تجویز کی تھیں۔
صدر مملکت نے تاریخوں پر غور کے بعد 30 اپریل کو پنجاب انتخابات کروانے کی منظوری دی تھی۔