پنجاب میں سیلاب 25 جانیں نگل گیا

پنجاب سیلاب پاکستان سیلاب اموات

لاہور (28 اگست 2025): شدید بارشوں اور بھارت کی جانب سے آنے والے دریاؤں میں بہت زیادہ پانی چھوڑے جانے کے سبب صوبہ پنجاب میں سیلاب سے 25 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دریاؤں میں اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے، دریائے راوی، چناب اور ستلج میں سیلابی صورت حال سے کئی اضلاع شدید متاثر ہوئے ہیں، پانی دیہات اور بستیوں میں داخل ہو گیا ہے، شہر بھی زیر آب آ گئے، صوبے میں تاریخ کا بد ترین سیلاب پچیس جانیں بھی نگل گیا ہے۔

گوجرانوالہ ڈویژن میں سیلاب سے 15 افراد جاں بحق ہوئے، کمشنر گوجرانوالہ نے بتایا سمبڑیال میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد جان سے گئے، گجرات میں سیلاب کے باعث 4، نارووال میں 3، حافظ آباد میں 2 اور گوجرانوالہ میں 1 شخص جان سے گیا۔

پنجاب میں دریائے چناب، راوی اور ستلج میں سیلاب کی تازہ ترین صورت حال

سیلاب میں کسی کا گھر کسی کا کھیت کسی کی زندگی بھر کی کمائی، سب کچھ پانی میں ڈوب گیا ہے، چھت بچی نہ زمین، دریا کنارے آباد بستیاں اجڑ گئی ہیں۔ ضلع بہاول نگر کی سیکڑوں بستیاں دریائے ستلج کے ریلے کی زد میں آ گئیں۔ دریائی بیلٹ کی ڈیڑھ لاکھ آبادی کو شدید نقصان پہنچا۔

پانی کے تیز بہاؤ نے جگہ جگہ قائم عارضی بند توڑ دیے ہیں، فصلیں برباد ہو گئیں اور مکانات ڈوب گئے، 90 ہزار افراد نقل مکانی کر چکے ہیں۔

عارف والا کے مقام پر دریاٸے ستلج میں ایک لاکھ کیوسک سے زاٸد کا ریلا گزر رہا ہے، جس سے فصلیں ملیا میٹ اور مکانات تباہ ہو گئے ہیں، دریائے چناب کی طغیانی کے باعث پانی چنیوٹ کے درجنوں دیہاتوں میں داخل ہو گیا، سیالکوٹ کے نالہ پلکھو میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔

طوفانی بارش نے الگ سے ستم ڈھایا ہے، گھر، محلے، گلیاں اور سڑکیں زیر آب ہیں، وزیر آباد میں نالہ پلکھو کے اوور فلو ہونے سے گلی محلے اور بازار سب ڈوب گئے، پانی دکانوں اور گھروں میں داخل ہو گیا، پنڈی بھٹیاں میں بھی سیلاب نے گاؤں گھیر لیے سیکڑوں بھوکے پیا سے لوگ کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پرمجور ہو گئے ہیں اور مویشیوں کے لیے چارہ بھی ناپید ہو گیا ہے۔