پنجاب سیلاب : گوجرانوالہ ڈویژن میں 15 افراد جاں بحق

پنجاب سیلاب

پنجاب کے دریاؤں میں آنے والے تباہ کن سیلاب سے کچی آبادیاں اور شہر پانی میں ڈوب گئے، 15 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔

دریائے چناب میں اونچے درجے کے سیلاب سے گوجرانوالہ ڈویژن کی متعدد آبادیاں اور فصلیں متاثر ہوئی ہیں۔

کمشنر گوجرانوالہ نے میڈیا کو بتایا ہے کہ مجموعی طور پر اب تک ڈویژن میں سیلاب سے 15 افراد جاں بحق ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ کے علاقے سمبڑیال میں ایک خاندان کے 5 افراد جاں بحق، گجرات میں سیلاب کے باعث4 اور نارووال میں 3 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ گوجرانوالہ میں ایک اور حافظ آباد میں 2 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

دریائے چناب میں ہیڈ خانکی اور قادرآباد پر انتہائی اونچے اور ہیڈ مرالہ پر اونچے درجے کا سیلاب ہے، دریائے چناب میں ہیڈ خانکی کے مقام پر بہاؤ 10 لاکھ کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ وزیرآباد کے گلی محلے اور بازار زیر آب آگئے پانی دکانوں اور مکانات میں داخل ہوگیا، سیلابی پانی گوردوارہ کرتار پور دربارمیں بھی داخل ہوگیا، کرتار پور کوریڈور زیر آب آگیا، کرتارپور دربار کے 100 سے زائد افراد کو ریسکیو کر لیا گیا۔