لاہور : پنجاب فوڈ اتھا رٹی کاصوبے بھر میں ناقص مٹھائیاں اور کیک فروخت کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے،کئی معروف حلوائیوں اوربیکرز کو سیل کرکے جرمانہ عائد کردیا۔
تفصیلات کے مطابق عید پر ناقص و مضر صحت مٹھائیوں کے خلاف آپریشن کلین اپ جاری ہے، پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مٹھائی کے نام پر بیماری بیچنے والوں کے گرد گھیرا تنگ کردیا ہے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے سویٹس پروڈکشن یونٹ کو ایکسپائر اجزاء کے استعمال پر سیل کر دیا اور چار من ایکسپائر کھویا تلف کردیا گیا ہے جبکہ معروف بیکریوں پر چھاپے کے دوران اٹھارہ من ناقص مٹھائی اوراکیس من خام مال تلف کردیا گیا جبکہ تین سو کیک بھی اٹھالئے گئے۔
فوڈ اٹھارٹی نےانکشاف کیا کہ تمام مٹھائیوں میں ٹیکسٹائل کلرز، اور کیمیکلز کا استعمال کیا گیا تھا۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ڈائریکٹر آپریشنز رافعیہ حیدر کے مطابق مختلف بیکرز اور حلوائیو پر پانچ لاکھ روپے تک کاجرمانہ عائد کیا گیا جبکہ لاہور کے علاوہ اب تک ملتان میں چھ،فیصل آباد میں آٹھ،راولپنڈی میں چھ اور گوجرانوالہ میں سات سویٹس پروڈکشن یونٹس سیل کرکے جرمانہ عائد کیا جا چکا ہے۔