لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر رمضان بازاروں میں ٹیموں نے چھاپہ مار کر ناقص اشیاء اور 127 کلو غیر معیاری سبزیاں تلف کردیں۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پررمضان بازاروں کی کڑی نگرانی جاری ہے، پنجاب بھرمیں67رمضان بازاروں میں ایک ہزار291اسٹالزکوچیک کیاگیا۔
اعلامیے کے مطابق لاہورمیں23،راولپنڈی25، ملتان15،مظفرگڑھ میں 4بازاروں کا ٹیموں نے اچانک معائنہ کیا، اس دوران 147کلوناقص آڑو،سیب،اسٹابری،127کلوگلی بدبودارسبزیاں تلف کی گئیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اشیاء کی مزیدبہتری کے لیے 109اسٹالزکواصلاحی نوٹسزجاری کیےگئے، پنجاب بھرمیں قائم رمضان بازاروں کی روزانہ کی بنیاد پرنگرانی جاری ہے۔
یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس ہوا تھا جس میں انہوں نے عوام کو رمضان المبارک کے دوران معیاری اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی۔ عثمان بزدار نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے حکام کو ہدایت کی تھی کہ وہ رمضان المبارک میں لگائے جانے والے بازاروں کا معائنہ کریں اور ناجائز منافع کمانے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائیں۔