پنجاب حکومت نے صنم جاوید کی رہائی کا فیصلہ چیلنج کردیا

صنم جاوید

پنجاب حکومت نے پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید کو گوجرانوالہ مقدمے سے رہا کرنے کا فیصلہ چیلنج کردیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے اپیل سپریم کورٹ رجسٹری میں دائر کی گئی ہے جس میں لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے۔

پنجاب حکومت نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ صنم جاوید کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

اپیل میں کہا گیا ہے کہ ہائیکورٹ نے فیصلے میں پراسیکیوشن کے دلائل کو نظر انداز کیا ہے، استدعا کی گئی کہ سپریم کورٹ صنم جاوید کو رہا کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔

واضح رہے کہ جسٹس اسجد جاوید گھرال کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے صنم جاوید کے خلاف گوجرانوالہ میں 9 مئی سے واقعات سے متعلق درج مقدمے کی سماعت کی تھی اور انہیں مقدمے سے ڈسچارج کرنے کا حکم دیا تھا۔

صنم جاوید کو لاہور سے گرفتار کیا گیا تھا اور ان پر 9 مئی کے حوالے سے مختلف شہروں میں متعدد مقدمات درج کیے گئے ہیں، اس کیس میں رہائی کے بعد انہیں دوبارہ گرفتار کرلیا گیا تھا۔

بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے صنم جاوید کو کوئٹہ پولیس کے حوالے کرنے سے روکتے ہوئے متعلقہ حکام کو طلب کرلیا تھا اور سماعت مکمل کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔