لاہور: حکومت پنجاب نے صوبے میں دوران ملازمت فوت ہو جانے والے ملازمین کے خاندانوں کیلیے بڑا اعلان کر دیا۔
محکمہ خزانہ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق متوفی ملازمین کے لواحقین کو بنیادی تنخواہ اور دیگر مراعات میں وقتاً فوقتاً اضافہ دیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق متوفی ملازمین کے لواحقین کو پنشن کے ساتھ دیگر مراعات بھی دی جائیں گی، مراعات میں ہاؤس رینٹ، اسپیشل الاؤنس، میڈیکل الاؤنس، یوٹیلیٹی اور ایڈہاک ریلیف الاؤنس شامل ہے، لواحقین کو پنشن سالانہ اضافے کے ساتھ دی جائے گی۔
گزشتہ سال سابق نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے دوران ملازمت انتقال کرنے والے ملازمین کے لواحقین کو خصوصی پیکیج دینے کا فیصلہ کیا تھا۔
محسن نقوی کی زیرِ صدارت کابینہ اسٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈڈویلپمنٹ کا اجلاس ہوا تھا جس میں دوران ملازمت انتقال کرنے والے ملازمین کے اہلخانہ کو 10 دن میں امدادی رقوم ادا کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔
اجلاس میں مری میں سڑکوں سے برف ہٹانے کیلیے جدید مشینری خریدنے کا فیصلہ کرتے ہوئے نشاط آباد اوورہیڈ برج سے گٹ والا روڈ کی تعمیر و مرمت اور کشادہ کرنے اور اسکیم کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے منظوری دی گئی تھی۔
اجلاس میں لاہور کے تاریخی دروازوں کو اصل حالت میں بحال کرنے کے پروگرام، لاہور چڑیا گھر کی اپ گریڈیشن کیلیے فنڈز اور بابا فریدالدین گنج شکر کے مزار کی تزئین وآرائش کیلیے فنڈز کے اجرا کی منظوری دی تھی۔
پراجیکٹ کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے، پرائم منسٹر نیشنل پروگرام کے تحت پنجاب میں زرعی ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن اور فلڈپروٹیکشن سیکٹرپراجیکٹ تھری کو سالانہ ترقیاتی پروگرام 2023-24 میں شامل کرنے سمیت چکوال اور دیگر مقامات پر سمال ڈیمز کیلیے فنڈز کے ازسر نو اجرا کی منظوری دی تھی۔