لاہر (17 اگست 2025): پروونشل ڈیساسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے آج سے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کر دی، سلسلہ 23 اگست تک جاری رہے گا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال اور اٹک میں طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے خدشات ہیں، منڈی بہاالدین، گوجرانولہ، حافظ آباد اور وزیر آباد میں بھی بارشیں متوقع ہیں، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بارشیں ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں: کیا کلاؤڈ برسٹ کی پیشگوئی کی جا سکتی ہے؟
ننکانہ، چنیوٹ، فیصل آباد، اوکاڑہ اور قصور میں بھی بارش جبکہ خوشاب، سرگودھا، بھکر اور میانوالی میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ بہاولپور، بہاولنگر، ڈی جی خان، ملتان، مظفر گڑھ، خانیوال، لودھراں، راجن پور، رحیم یار خان اور لیہ میں بارش کا امکان ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث دریاؤں کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ ہے، پنجاب کے دریاؤں و ندی نالوں میں طغیانی کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، دریائے سندھ، راوی، جہلم، ستلج اور چناب کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دریائے سندھ میں کالا باغ چشمہ اور تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، دریائے سندھ میں تربیلا کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا اور سلیمانکی کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ صوبے بھر کی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے، دریاؤں اور ندی نالوں کے اطراف دفعہ 144 پر سختی سے عملدرآمد کروائیں، ہاؤسنگ سوسائٹیز نکاسی آب کو یقینی بنائیں بصورت دیگر کارروائی کی جائے گی۔