وزیر کھیل پنجاب کرونا وائرس کا شکار

لاہور: وزیر کھیل پنجاب رائے تیمور خان بھٹی بھی کرونا کا شکار ہوگئے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں رائے تیمور خان نے کہا کہ میرا کرونا ٹیسٹ پازیٹیو آیا ہے، تمام مصروفیات ترک کرکے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔

ٹوئٹر پیغام میں صوبائی وزیر کھیل نے تمام احباب سے دعا کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کرونا کے وار جاری ہیں، سب سے اپیل کرتا ہوں کہ احتیاط کریں، ماسک پہنیں اور سماجی فاصلہ اختیار کریں۔

دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب میں کرونا کے وار جاری ہیں، گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور میں کرونا کے پانچ سو چون نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ عالمی وبا کے باعث مزید گیارہ افراد لقمہ اجل بنے۔

سیکر ٹر ی صحت سارہ اسلم کے مطابق لاہور میں کرونا مثبت کیسز کی شرح 8.8فیصد ریکارڈ کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر میں کرونا سے بائیس اموات ہوئیں جبکہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں 1198نئے کیس رپورٹ ہوئے،سیکرٹری صحت کے مطابق صوبے میں فعال کیسز کی تعداد 22 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

سارہ اسلم کا مزید کہنا تھا کہ تمام سینٹرز پر ویکسین وافر مقدار میں موجود ہے، صرف اور صرف ویکسی نیشن ہی کرونا وائرس کےخلاف واحد اور موثر علاج ہے۔