لاہور : مون سون کا ایک اور سسٹم پاکستان میں داخل ہونے کے لئے تیار ہے ، جس کے پیش نظر فلڈ وارننگ جاری کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ کل سے شروع ہوگا، جس کے باعث صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے فلڈ وارننگ جاری کر دی۔
جس میں دریائے چناب اور اس سے ملحقہ ندی نالوں میں درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ دریائے چناب میں مرالہ، خانکی اور قادرآباد کے مقامات پر پانی کی سطح بلند ہونے کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں گجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد اور ملتان ڈویژن سمیت نارووال، گجرات، جھنگ، ملتان، مظفرگڑھ، سیالکوٹ، گجرانوالہ، وزیرآباد اور دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
موسم کی متعلق خبریں
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے اور عوام کو دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، دیر، چترال، سوات، کشمیر، گلگت بلتستان، خضدار اور ژوب میں بارش کا امکان ہے، جبکہ کراچی سمیت سندھ کی ساحلی پٹی پر ہلکی بارش متوقع ہے۔