اگلے چند گھنٹے میں شدید بارش کی پیشگوئی، محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا

پنجاب بارش

لاہور : محکمہ موسمیات نے اگلے چند گھنٹے میں شدید بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب میں مون سون کا دھواں دھار اسپیل تباہی مچارہا ہے، طوفانی بارشوں نے عوام کیلئے مشکلات کھڑی کردی ہیں۔

محکمہ موسمیات نے لاہور میں اگلے چند گھنٹے میں شدید بارش کی پیشگوئی کر دی ، راولپنڈی ،لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد، گوجرانوالہ میں موسلادھار بارش کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

پی ڈی ایم اے نے دریاؤں اور ندی نالوں میں ممکنہ سیلاب کے خدشے کا الرٹ جاری کردیا ، جس میں کہا ہے کہ ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔

موسم سے متعلق خبریں

دریائے سندھ میں کالا باغ اور چشمہ کے مقام پردرمیانے، تربیلا اورتونسہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، جس کے پیش نظر بڑے شہروں کی انتظامیہ کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ کر دیا گیا ۔

ضلعی انتظامیہ کے بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کے خطرے سے نمٹنے کیلئے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

لاہورمیں مون سون بارش، ڈپٹی کمشنر موسیٰ رضا کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ اور واسا متحرک ہیں، ڈی سی لاہورموسیٰ رضا نے کہا کہ شہریوں کو کم مشکلات کا سامناہو، انتظامیہ پوری طرح الرٹ ہے، بارش کی پیشگوئی کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور واسا ہائی الرٹ، تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ محکمے فیلڈ میں متحرک رہیں۔

لاہور میں گزشتہ روز ایک سو دس مللی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، ظہور الہی روڈ، گلبرگ، والٹن، غازی آباد، تاج پورہ، اچھرہ شاہ جمال سمیت متعدد علاقے کئی گھنٹے تک پانی میں ڈوبے رہے۔

اٹک میں ایک سو تینتیس ملی میٹر بارش نے سڑکیں، گلیاں، محلے، دکانیں پانی میں ڈوب گئیں۔ چنیوٹ، نارووال، اوکاڑہ اور جہلم میں بھی طوفانی بارشیں ہوئیں۔ جس کے باعث سڑکوں، گلیوں اور محلوں میں ندی نالے بہنے لگے اور کئی علاقے بجلی سے محروم ہوئے۔

دریائے چناب میں سیلابی صورتحال ہے، پانی دس دیہات میں داخل ہوجانے سے فصلیں اور مکانات زیر آب آگئے، حجرہ شاہ مقیم اور گردونواح میں بھی بادل موسلا دھار برسے، اور نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔