ماسکو: روس کے صدارتی دفتر کریملن نے ولادیمیر پیوٹن کی طبیعت ناسازی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کر دیا۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ترجمان کریملن دمتری پیسکوف نے اپنے بیان میں کہا کہ روسی صدر بالکل ٹھیک اور صحت مند ہیں، ان کی طبیعت ناسازی کی خبروں جعلی ہیں۔
مغربی میڈیا میں ذرائع کا حوالہ دے کر خبریں چلائی گئیں کہ ولادیمیر پیوٹن کی اتوار کو طبیعت خراب ہوئی اور وہ مخصوص لباس کا استعمال کر رہے ہیں تاکہ صحت مند نظر آئیں۔
دمتری پیسکوف نے قہقہہ لگاتے ہوئے کہا کہ یہ مضحکہ خیز خبریں دھوکا دہی کے زمرے میں آتی ہیں جن پر میڈیا میں بحث کی جاتی ہے۔
جوڈو کا شوق رکھنے والے ولادیمیر پیوٹن نے 7 اکتوبر کو زندگی کی 71 بہاریں دیکھ لیں۔ وہ منظر عام پر آنے، اہم ملاقاتوں اور ٹیلی ویژن پر آنے کا گہرا شیڈول رکھتے ہیں۔
روسی صدر نے حال ہی میں چین کا انتہائی اہمیت کا حامل دورہ کیا جہاں وہ صحت مند نظر آئے۔ 2020 میں ایک انٹرویو کے دوران ولادیمیر پیوٹن نے مخصوص لباس زیب تن کرنے کی خبروں کو مسترد کیا تھا۔