قطر سے یورپ کو گیس کی ترسیل میں تاخیر کیوں؟

قطر نے بحیرہ احمر میں حملوں کی وجہ سے یورپ کو گیس کی ترسیل میں تاخیر کر دی۔

قطر کی جانب سے یورپ کو مائع قدرتی گیس کی ترسیل میں تاخیر ہو رہی ہے کیونکہ بحیرہ احمر میں تجارتی جہازوں پر حملوں کے نتیجے میں سفر کا وقت طویل ہو رہا ہے۔

بلومبرگ نیوز کی رپورٹس کے مطابق یورپی خریداروں کو تاخیر اور ری شیڈول شپمنٹ کے بارے میں مطلع کر دیا گیا ہے۔

کم از کم چھ کھیپوں کا رخ یورپ کے لیے طے شدہ جنوری کے وسط سے بحیرہ احمر اور سویز کینال کے چھوٹے راستے سے سفر کرنے کے بجائے جنوبی افریقا میں کیپ آف گڈ ہوپ کے آس پاس موڑ دیا گیا ہے۔

یمن کے حوثیوں کی جانب سے جہاز رانی پر حملوں کے بعد امریکا نے گزشتہ ماہ بحیرہ احمر میں تجارت کے تحفظ کے لیے ایک کثیر القومی فورس کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔

مسلح گروپ کا کہنا ہے کہ وہ غزہ پر اسرائیل کی جنگ کی وجہ سے اسرائیل سے منسلک جہازوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔