کوئٹہ: غیرت کے نام پر باپ نے بیٹی اور بھانجے کو قتل کردیا

بنوں: نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید

کوئٹہ: بلوچستان میں غیرت کے نام پر ہولناک قتل کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے جہاں باپ نے بھانجے اور بیٹی کو قتل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سیاہ کاری کے الزام میں ایک اور دلخراش واقعہ پیش آیا ہے، قمبرانی روڈ پر باپ عبدالطیف نے مبینہ طور پر اپنی بیٹی نازنین اور بھانجے قادر ظریف کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عبدالطیف فائرنگ کے بعد اپنے دو چھوٹے بچوں سمیت فرار ہوگیا، پولیس نے مقدمہ درج کر کے کیس سیریس کرائمزانوسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا، ملزم کی گرفتاری کے لیے کیچی بیگ تھانے کی پولیس ٹیم چھاپے مار رہی ہے، لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد میتیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔

دوسری جانب سندھ کے دارالحکومت کراچی میں شوہر کے مبینہ بدترین جنسی تشدد کے بعد کوما میں جانے والی نئی نویلی دلہن انتقال کر گئیں۔

پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ سید کے مطابق شوہر کے بہیمانہ جنسی تشدد کا نشانہ بننے والی 19 سالہ شانتی 23 جولائی کی صبح 10 بج کر 45 منٹ پر سول اسپتال کے ٹراما سینٹر میں دم توڑ گئیں۔

ڈاکٹر سمیہ سید کے مطابق متاثرہ لڑکی کو ایک اور اسپتال میں آپریشن کے بعد تشویشناک حالت میں سول اسپتال منتقل کیا گیا تھا، ابتدائی میڈیکل معائنے میں جنسی تشدد کے شواہد ملے تھے۔

بغدادی تھانے کے ایس ایچ او مجید علی نے بھی لڑکی کی موت کی تصدیق کی، ان کے مطابق شانتی کی شادی 15 جون کو اشوک نامی شخص سے ہوئی تھی اور دو دن بعد شوہر نے ان پر غیر فطری انداز میں جنسی تشدد کیا، جس سے ان کی طبیعت بگڑ گئی تھی۔