کوئٹہ پریس کلب میں نیوز کانفرنس کا انعقاد ضلعی انتظامیہ کی اجازت سے مشروط

کوئٹہ پریس کلب میں نیوز کانفرنس کا انعقاد ضلعی انتظامیہ کی اجازت سے مشروط

کوئٹہ: کوئٹہ پریس کلب میں نیوز کانفرنس یا سیمینار کرنے کیلیے ضلعی انتظامیہ سے این او سی لینے کو لازمی قرار دے دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے پریس کلب کے صدر کو خط لکھ دیا جس میں کلب کے اندر نیوز کانفرنس اور سیمینار کو ضلعی انتظامیہ کے این او سی سے مشروط کرنے کی ہدایت کی گئی۔

خط میں کہا گیا کہ این او سی کے بغیر کسی کو نیوز کانفرنس یا سیمینار کے انعقاد کی اجازت نہ دی جائے۔

دوسری جانب، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) نے ڈپٹی کمشنر کے اقدام کو مسترد کرتے ہوئے تحریری ہدایت فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کر دیا۔

صدر پی ایف یو جے افضل بٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ امن و امان کی صورتحال تقاریر اور آزادی اظہار کی وجہ سے پیدا نہیں ہوئی، پریس کلب جیسے مقامات کا احترام کیا جائے جہاں اظہار کی آزادی کو فروغ دیا جاتا ہے۔

سیکریٹری جنرل ارشد انصاری نے کہا کہ یہ آزادی اظہار اور آزادی صحافت پر قدغن کی کوشش ہے۔