سپارکو کی ربیع الاول کے چاند سے متعلق نئی پیشگوئی

سپارکو کی ربیع الاول کے چاند سے متعلق نئی پیشگوئی

اسلام آباد (21 اگست 2025): پاکستان کی اسپیس اینڈ اپسٹریٹ ریسرچ آرگنائزیشن (سپارکو) نے ربیع الاول کے چاند سے متعلق نئی پیشگوئی کر دی۔

ترجمان سپارکو نے بتایا کہ ربیع الاول 1447 ہجری کا چاند 23 اگست 2025 کو دن 11:06 بجے پیدا ہونے کی توقع ہے جبکہ 24 اگست کی شام نئے چاند کی عمر 32 گھنٹے 13 منٹ ہوگی۔

سپارکو کے مطابق ساحلی علاقوں میں غروبِ آفتاب اور غروبِ قمر میں 45 منٹ کا فرق ہوگا، فلکیاتی اعداد و شمار کے مطابق 24 اگست کو چاند نظر آنے کے اچھے امکانات ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ربیع الاول کا چاند کب نظر آئے گا؟

آرگنائزیشن نے بتایا کہ امکان ہے ربیع الاول کی پہلی تاریخ 25 اگست 2025 کو ہوگی، چاند کی رویت کا حتمی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔

اگر یکم ربیع الاول 25 اگست کو ہوتی ہے تو 5 ستمبر 2025 بروز جمعہ 12 ربیع الاول ہوگی۔

عید میلاد النبی ﷺ مسلمانوں کیلیے ایک اہم موقع ہے کیونکہ اہل ایمان اس دن رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت کا دن مناتے ہیں۔

اس دن مذہبی تقریبات کا اہتمام کرتے ہیں، دعا کیلیے عوامی اجتماعات کا اہتمام کرتے ہیں، قرآن کی تلاوت کرتے ہیں اور جلوسوں میں شرکت کرتے ہیں، اتحاد اور ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہیں۔