شوہر نے کس طرح متاثر کیا؟ رابعہ کلثوم نے بتادیا

رابعہ کلثوم

شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ رابعہ کلثوم کا کہنا ہے کہ شوہر نے مجھے گانا گنگنا کر متاثر کیا تھا۔

اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’مجھے پیار ہوا تھا‘ میں ’نیلو‘ کے کردار سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ رابعہ کلثوم نے حالیہ انٹرویو میں نجی زندگی اور شوبز سے متعلق اظہار خیال کیا۔

میزبان نے سوال کیا کہ شوہر ریحان نظامی نے آپ کی توجہ گانا گنگنا کر حاصل کی تھی؟

رابعہ کلثوم نے کہا کہ ریحان نے گانے تو بہت گائے ہیں پورا واٹس ایپ بھرا ہوا ہے، میرے سامنے بھی گنگاتے ہیں اور کبھی میرا موڈ خراب ہو تو تین سے چار گانے مزاحیہ انداز میں گنگنا کر منا لیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ اتنے مزاحیہ انداز میں گانا گاتے ہیں کہ میں مسکرا دیتی ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں رابعہ کلثوم نے کہا کہ ’شوہر نے ناپا سے گریجویٹ کیا ہے، ان کو بھی اداکاری کرنی تھی تو میں نے کہا کہ اب میں اداکارہ بن گئی تو آپ بھی شوبز میں آجائیں لیکن انہوں نے کہا کہ نہیں میں اس طرح نہیں آؤں گا پہلے سیکھوں گا کہ مجھے کیا کرنا ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ اداکاری سیکھنے کے ساتھ وہ گانا بھی گاتے ہیں اور کشمیر بیٹس میں انہوں نے ڈیبیو کیا تھا جبکہ وہ پندرہ سال سے گلوکاری کر رہے ہیں۔

رابعہ کلثوم نے کہا کہ شادی کے بعد اداکاری کرنے میں اتنا مسئلہ نہیں ہوا لیکن ماں بننے کے بعد بچوں کو چھوڑ کر شوٹنگ پر جانا آسان نہیں ہوتا لیکن میری ساس اور سسر بہت سپورٹ کرتے ہیں، ساس کہتی ہیں کہ تم جاؤ میں بچوں کو سنبھال لوں گی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ذہن بنا لیا تھا کہ کام کرنا ہے تو اس فیز سے باہر نکلنا ہوگا حالانکہ مجھے پتا تھا کہ بچے گھر والوں کے پاس ہیں لیکن پھر بھی فکر ہوتی ہے۔