’راچن کا نام سچن اور راہول سے ملا کر نہیں رکھا گیا‘

راچن رویندرا

نیوزی لینڈ کے اوپنر بیٹر راچن رویندرا نے ورلڈ کپ 2023 میں ڈیبیو کیا اور تین سنچریاں اسکور کرکے اپنی ٹیم کی سیمی فائنل تک رسائی میں اہم کردار ادا کیا۔

راچن رویندرا کے نام سے متعلق بھارتی میڈیا میں خبریں آئیں کہ ان کا نام لٹل ماسٹر سچن ٹنڈولکر اور راہول ڈریوڈ کا مکسچر ہے جس میں راچن یعنی راہول اور سچن دونوں کا نام آتا ہے۔

راچن کے والد روی کرشنا مورتی بھارت کے شہر بنگلورو سے تعلق رکھتے ہیں جو نیوزی لینڈ ہجرت کرگئے تھے انہوں نے انکشاف کیا کہ یہ منفرد نام ابتدا میں ان کی اہلیہ نے تجویز کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ بعد میں علم ہوا کہ راچن کے نام نے غیر ارادی طور پر ہندوستانی کرکٹرز سچن ٹنڈولکر اور راہول ڈریوڈ کے ناموں کو ملا دیا ہے۔

راچن کے والد نے بتایا کہ جب راچن پیدا ہوا تو میری بیوی نے نام تجویز کیا اور ہم نے اس پر بحث کرنے میں زیادہ وقت نہیں گزارا کیونکہ نام اچھا لگ رہا تھا اور ہجے کرنے میں بھی آسان، مختصر تھا، اسی لیے ہم نے اسی نام کو رکھنے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ کچھ سال بعد ہی ہمیں معلوم ہوا کہ یہ نام راہول اور سچن کے ناموں کا مرکب ہے، اس کا نام کرکٹر یا اس طرح کی کوئی چیز بنانے کے ارادے سے نہیں رکھا گیا تھا۔

واضح رہے کہ راچن رویندرا نے 25 سال کی عمر میں ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رنز اور سنچریاں بنانے کا سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

بائیں ہاتھ کے بیٹر نے ورلڈ کپ میں 565 رنز بنا رکھے ہیں، فہرست میں ویرات کوہلی اور کوئنٹن ڈی کاک بھی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں کل بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔