اندور: جنوبی افریقہ کے ہاتھوں تیسرے ٹی 20 میچ میں 49 رنز سے شکست کے بعد بھی بھارتی کوچ بولرز کا دفاع کرنے لگے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کوچ راہول ڈریوڈ نے بولرز کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ فلیٹ وکٹوں پر گیند کرنا آسان نہیں ہوتا دیگر ٹیموں کو بھی اس مسئلے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ ایسی ٹیمیں ہیں جن کا بولنگ اٹیک تجربہ کار ہے اور انہوں نے آخری اوورز میں ہمارے بیٹرز کو مشکل میں ڈالا۔
راہول ڈریوڈ نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ ہمیں دوسروں کو نہیں بلکہ خود کو دیکھنا ہے یہ دیکھنا ہے کہ ہم کس طرح بولنگ لائن میں بہتری لاسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میگا ایونٹ میں غلطی کی گنجائش بہت کم ہوتی ہے بولرز کی خامیوں پر قابو پانے کی کوشش کررہے ہیں۔
ہرشل پٹیل کی خراب فارم پر سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گیند بازوں کو ٹیم کے منصوبوں کو بہتر طریقے سے انجام دینے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ تین میچز کی سیریز بھارت نے 2-1 سے اپنے نام کی تھی جبکہ رائیلی روسو نے ناقابل شکست سنچری اسکورکی تھی ان کی سنچری میں 8 چھکے بھی شامل تھے۔
بھارت کی جانب سے دیپک چاہر اور امیش یادیو ایک ایک وکٹ حاصل کرسکے تھے جبکہ ہرشل پٹیل کے چار اوورز میں 49 رنز بنے تھے۔