اڈانی کیخلاف امریکی تحقیقات مودی کی خاموشی کی وجہ ہے، راہول گاندھی

بھارت میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کی دھمکیوں پر نریندر مودی کی خاموشی کی وجہ اڈانی کے خلاف امریکی تحقیقات ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے لکھا کہ بھارتیو! برائے مہربانی اس بات کو سمجھو مودی کے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں، صدر ٹرمپ کی بار بار دھمکیوں کے باوجود مودی کی جواب نہ دینے کی وجہ اڈانی کے خلاف جاری امریکی تحقیقات ہیں۔

انہوں نے لکھاکہ مودی اور اڈانی کو ڈر ہے کہیں روسی تیل کے سودوں میں مالی تعلق عیاں نہ ہوجائے اسی وجہ سے وہ خاموش ہیں۔

راہول گاندھی کا اشارہ اس طرف تھا کہ مودی حکومت امریکی دباؤ میں ہے اور وہ ملکی مفاد میں آزاد فیصلے نہیں کر پا رہی۔

یہ پڑھیں: ٹرمپ نے سچ کہا ہے بھارتی معیشت ’مردہ‘ ہے، راہول گاندھی

حزبِ اختلاف کی جماعتیں وزیرِاعظم مودی اور بی جے پی حکومت پر تنقید کرتی رہی ہیں، خاص طور پر اس وقت سے جب صدر ٹرمپ نے بھارت پرروس سے تیل خریدنے پر25 فیصد ٹیرف اورجرمانہ عائد کرنے کی دھمکی دی اور پھر ٹیرف بھی عائد کردیا۔

تنقید اُس وقت مزید بڑھی جب صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ بھارت بڑی مقدارمیں روسی تیل خرید رہا ہے اورپھراس میں سے بڑی مقدارکو کھلے بازارمیں بیچ کرمنافع کما رہا ہے۔