محکمہ ریلوے نے شہر قائد میں اپنی زمینوں پر قبضے ختم کروانے کیلیے کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) سے مدد مانگ لی۔
ڈپٹی میئر کراچی سلمان مراد سے ریلوے حکام نے ملاقات کی اور مختلف تجاویز پر مشاورت کی گئی۔ ملاقات میں میٹروپولیٹن کمشنر سمیت بلدیہ عظمیٰ کراچی کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔
محکمہ ریلوے نے کے ایم سی سے زمین اور لائنز کے ساتھ تجاوزات ختم کروانے میں مدد کی درخواست کی جس پر ڈپٹی میئر نے کہا کہ کے ایم سی تجاوزات کے خاتمے میں بھرپور مدد کرے گی، شہر کو تجاوزات سے پاک کریں گے۔
گزشتہ روز قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی ریلوے کی ذیلی کمیٹی کا کنوینر حامد حمید کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا تھا جس میں ریلوے حکام کی جانب سے مختلف معاملات سے متعلق بریفنگ دی گئی تھی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ راولپنڈی ڈویژن میں ریلوے کی کل 16477 ایکڑ اراضی ہے، ڈویژن میں 403 ایکڑ اراضی پر تجاوزات ہیں جبکہ 160 ایکڑ پر پرائیویٹ لوگوں اور 243 ایکڑ اراضی پر سرکاری محکموں کا قبضہ ہے۔
بریفنگ دی گئی کہ راولپنڈی ڈویژن میں 3 سال میں 60 ایکڑ زمین واگزار کرائی گئی ہے۔ اجلاس میں ریلوے اسکریپ کے آکشن کی پالیسی سے متعلق معاملہ بھی زیرِ بحث آیا۔