کراچی میں پیر کی صبح سویرے کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی ہے جس کے نتیجے میں موسم مزید سرد ہو گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں پیر کی صبح سویرے کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی جس کے نتیجے میں سردی مزید بڑھ گئی ہے۔
آج صبح سرجانی ٹاؤن، سعدی ٹاؤن، ملیر، سائٹ، گلشن اقبال، ناظم آباد سمیت دیگر علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی جس کے نتیجے میں سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا اور پھسلن ہونے کی وجہ سے کئی موٹر سائیکل سوار پھسل کر زخمی ہو گئے۔
بارش کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جب کہ موجودہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 61 فیصد ہے جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 سے 29 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج دن بھر وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور کہیں بوندا باندی کی پیشگوئی کی ہے۔