اسلام آباد : محکمہ موسمیات کا کہنا ہے بارش برسانے والا نیا سسٹم کل سے پاکستان میں داخل ہوگا، کراچی میں آئندہ 24 گھنٹے میں ہلکی بارش کا امکان ہے ، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نےملک بھر میں کل سے موسلا دھار بارشوں کی پیش گوئی کردی ہے جبکہ ملک کے بیشتر شہروں میں موسم سرد اور خشک ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش برسانے والا نیا سسٹم کل سے پاکستان میں داخل ہوگا، جس سے بدھ سےجمعرات کے دوران کراچی ،لاہور، کوئٹہ، پشاور، اور اسلام آباد سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش کا امکان ہے۔
کراچی میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم آئندہ 24 گھنٹےمیں بوندا باندی کاامکان ہے، مغرب سےبارش برسانےوالےسسٹم کےباعث بونداباندی ہوگی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں صبح کے وقت درجہ حرارت 13 ڈگری ریکارڈکیاگیا، جبکہ موجودہ درجہ حرارت 23 ڈگری اور ہوامیں نمی کا تناسب 28 فیصدہے جبکہ ہوا 3 ناٹیکل میل فی گھنٹہ کی رفتارسےچل رہی ہے۔
دوسری جانب سوات، چترال، مری، گلگت بلتستان اور کشمیر میں شدید برفباری کی توقع ہے ،اس دوران مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈ کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے رواں ہفتےکےوسط میں ملک میں بارش اورپہاڑوں پربرفباری کی پیشگوئی بھی کی ہے ، مغربی علاقوں میں آج رات مغربی ہواؤں کا سلسلہ داخل ہوگا، بدھ کومغربی ہواؤں کاسلسلہ مختلف علاقوں میں پھیل جائےگا اور یہ سلسلہ جمعرات تک بالائی علاقوں میں برقراررہےگا،مغربی ہواؤں کےزیراثر بارشیں اوربعض مقامات پربرفباری متوقع ہے۔
واضح رہے یاد رہے کہ ہفتے کو رات گئے کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوا تھا۔