لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش سے موسم سرد اور خوشگوار ہوگیا، شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور کے علاقے فردوس مارکیٹ، گلبرک ، والٹن روڈ، پیرکالونی، ہربنس پورہ، ڈیوس روڈ اور ماڈل ٹاؤن میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق حاصل پور، حافظ آباد، شیخوپورہ ، فیصل آباد، پنڈی بھٹیاں، فیروز والا، شکر گڑھ اور سمندری میں بارش کے بعد موسم سرد ہوگیا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں موسم گرم اور خشک جبکہ مطلع صاف رہے گا، شہر کا درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک ہوگا، ہوا میں نمی کا تناسب 87 فیصد ہے۔
کراچی میں سردی ، محکمہ موسمیات نے خطرے کی گھنٹی بجادی
یاد رہے کہ دو روز قبل محمکہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ کراچی میں اس سال کڑاکے کی سردی پڑے گی اورنومبر کے وسط تک موسم سرد ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ شمال مغرب کی جانب ہوا کا زیادہ دباؤ موجود ہے اور ہوا کا زیادہ دباؤ یعنی پریشر گریڈینٹ اچھی سردیوں کے لیے موزوں ہے، پریشر گریڈینٹ شمالی بلوچستان میں موجود ہے۔