کراچی: شہرقائد کے مختلف علاقوں میں ہلکی وتیز بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال،لیاقت آباد،کریم آباد،عائشہ منزل پر تیز جبکہ عزیزآباد،شاہ فیصل کالونی،ملیر،لانڈھی، کورنگی سمیت کئی علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی ہے جس کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفراز کے مطابق مغربی دباؤ کانیا سسٹم پوری شدت کے ساتھ شہرمیں داخل ہوگیا ہے جس کے باعث بارش کا سلسلہ ایک گھنٹے تک جاری رہے گا۔
دوسری جانب بارش برسانے والے سلسلے کے داخل ہونے کے بعد سے کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں گذشتہ رات سے مسلسل بارش جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی والے تیاری کرلیں ! بارش برسانے والا سسٹم آج داخل ہوگا
بلوچستان کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش سے ہرنائی کے ندی نالوں میں طغیانی آگئی اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہرنائی پنجاب شاہراہ پر ٹریفک معطل ہوچکی ہے۔
چمن میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ چاغی میں طوفانی ہواؤں کے باعث بجلی کے متعدد کھمبے گرگئے، جس کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہوئی۔
قلعہ عبداللہ،گلستان،دوبندی میں بارش سےنشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ مکان کی چھت گرنے سےمیاں بیوی زخمی ہوگئے۔