کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی میں اندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کردی، بارش کے بعد شہر قائد میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں سردیاں آچکی ہیں، محکمہ موسمیات نے نوید سنائی ہے کہ سردیوں کا پہلا سسٹم برسنے کو تیار ہے، بلوچستان میں آج رات سے مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پچیس سے ستائیس نومبر تک سندھ سے کشمیر تک مُلک کے تمام حصوں کو متاثر کرے گا۔ خیبرپختونخوا اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں برف باری ہوگی۔
محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ سسٹم کے زیر اثر کراچی ڈویژن میں کل رات اور اتوا کو کہیں آندھی ،گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے، بارش کے بعد شہر قائد میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں سے قبل گرج چمک اور تیز آندھی چلنے کا بھی امکان ہے، متوقع بارشوں کےبعدفضائی آلودگی کی صورتحال میں بہتری آنےکی توقع ہے تاہم آئندہ 2 روز میں کراچی میں کم سے کم پارہ 17، زیادہ سے زیادہ 33 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ کےمیدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں دھند اور اسموگ کا امکان پے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مو سم سرد اورخشک رہے گا تاہم صبح کے اوقات میں سیالکوٹ، لاہور، گوجرانوالہ، نارووال، سرگودھا، اوکاڑہ، ساہیوال ،فیصل آباد، میں دھند رہے گی۔
سندھ کے بالائی اضلاع میں بھی ہلکی دھند اور چنداضلاع میں اسموگ چھائے رہنے کا امکان ہے جبکہ کشمیر اورگلگت بلتستان میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔