بھارت میں بارش اور سیلاب کی تباہی، 60 سے زائد ہلاکتیں، مندر ڈھے گیا

بھارت میں موسلا دھار بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی ہے ریاست ہما چل پردیش میں ہلاکتیں 60 سے زائد ہوگئیں مندر بھی ڈھے گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارت کی ریاست ہماچل پردیش میں موسلادھار بارش اور سیلاب نے تباہی مچا دی ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ سے سینکڑوں مکانات تباہ ہو گئے اور کئی کو گھروں کو سیلابی ریلہ بہا لے گیا۔

مختلف حادثات اور واقعات میں 60 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں، شملہ میں لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں مندر ڈھے گیا جب کہ 9 افراد ہلاک ہوگئے۔

مٹی کے تودے گرنے سے گھر، بسیں اور گاڑیاں تباہ ہو گئی ہیں۔ یہی نہیں طوفانی بارشوں کی وجہ سے ریلوے کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا ہے اور اس وقت متعدد ریلوے ٹریک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جب کہ متعدد گاڑیاں اور سینکڑوں جانور سیلاب میں پھنس کر رہ گئے ہیں۔

حکام کے مطابق غیر معمولی موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث طوفانی بارشیں ہو رہی ہیں۔ متعدد شاہراہیں بند ہونے سے معمولات زندگی متاثرہیں۔ تاہم ملبہ اٹھانے کے لیے امدادی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔

بھارتی محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔