کے پی میں بارشوں نے 9 افراد کی جان لے لی

کے پی

پشاور : خیبرپختونخوا میں تیز بارشوں کے باعث ہونے والے حادثات و واقعات میں 9 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 7 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

صوبے کے کچھ علاقوں میں گزشتہ روز تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشیں ہوئیں جس کی نتیجے میں ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ سے انفرا اسٹرکچر تباہ ہوگیا۔

پی ڈی ایم اے نے کے پی میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات سے متعلق اعداد وشمار جاری کردیے، جس کے مطابق صوبے میں سیلاب اور بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے حادثات میں 9 افراد جاں بحق اور ساتزخمی ہوئے۔

ان میں سے دو افراد سوات، دو بٹگرام، مانسہرہ میں چار اور بونیر میں ایک شخص جان سے گیا، رپورٹ میں مزید بتایا کہ بارش کے نتیجے میں پیش آنے والے حادثات میں کم ازکم 7 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سوات اور بٹگرام میں تین، تین جبکہ مانسہرہ میں ایک شخص زخمی ہو گیا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق 7 گھر تباہ اور 67 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا، لوئر چترال میں سیلاب سے 39 اور اپر چترال میں 19 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔

ترجمان محکمہ ریلیف کا کہنا ہے کہ اپر چترال کے متاثرہ خاندانوں کو امدادی سامان فراہم کر دیا گیا ہے جبکہ لوئر چترال کے حساس علاقوں کی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

اُنہوں نے بتایا کہ بارشوں اورسیلاب سے متاثرہ اضلاع کے لیے 6 کروڑ روپے کی رقم جاری کردی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لوئر دیر روڈ کو ٹریفک کے لیے کلیئر کر دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے کئی علاقوں میں 26 جولائی تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔