شدید بارشوں کی پیشگوئی، ہائی الرٹ جاری

شدید بارشوں

خیبرپختونخوا میں 23 سے 26 اگست کے دوران مزید بارشوں کی پیشگوئی پر پی ڈی ایم اے نے ہائی الرٹ جاری کر دیا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے مزید بارشوں کا امکان ہے جس کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی۔

ایبٹ آباد، مانسہرہ، سوات، چترال، دیر، مالاکنڈ، کوہستان، بونیر میں بارش کا نیا سلسلہ شروع ہو گا۔ پشاور، مردان، نوشہرہ، ڈی آئی خان اور وزیرستان سمیت دیگر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا میں بارشوں کے نئے سلسلے سے سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

الرٹ میں کہا گیا ہے کہ مقامی ندی نالوں، برساتی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی کاخطرہ ہے جب کہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔

ادھر کراچی میں محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں 3 گھنٹوں کے دوران آندھی کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں موسلا دھار بارش کے دوران نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے، اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش تیز ہواؤں اور آندھی کے ساتھ ہوگی۔

اب سے کچھ دیر قبل بھی ایئرپورٹ، ملیر، گلشن حدید میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ہے جبکہ نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن اور اطراف میں بھی بارش جاری ہے۔

صدر، اولڈ سٹی ایریا، سول اسپتال، ناظم آباد، سائٹ ایریا، منگھوپیر روڈ اور اطراف میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔