ممبئی: معروف بالی وڈ اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا نے نیوز آرٹیکل اور یوٹیوب چینل پر اپنے خلاف کیے گئے ہتک آمیز دعووں پر پولیس میں شکایت درج کروا دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق راج کندرا نے خود کو غیر قانونی امیگریشن کیس سے جوڑے پر جوہو پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی جس پر پولیس نے دفعہ 356(3) کے تحت مقدمہ درج کیا۔
راج کندرا کا کہنا تھا کہ میڈیا نے مجھے یہ قدم اٹھانے پر خود مجبور کیا، متعدد مواقع پر انہوں نے غلط اور ہتک آمیز بیانات شائع کر کے میری ساکھ کو متاثرہ کیا، میں نے اپنے خلاف مواد ہٹانے کیلیے نوٹسز بھیجے لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ میرا معاملہ عدالت میں زیرِ سماعت ہے اور میں اپنی رہائی ککیلیے لڑ رہا ہوں، تین سال میں تین ججزتبدیل ہو چکے، اگرچہ یہ مایوس کن ہے لیکن مجھے قانون پر پورا بھروسہ ہے۔
راج کندرا کے مطابق معاملے کو قانونی طور پر بڑھانے کا فیصلہ میڈیا آؤٹ لیٹس کی جانب سے ان کے نوٹس کا جواب نہ دینے کی وجہ سے ہوا۔
ادھر، عدالت نے جوہو پولیس کو معاملے کی تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی اجازت دی جس سے راج کندرا کو امید ہے کہ ان کی ساکھ بحال ہو جائے گی اور ذمہ داروں کو جوابدہ ٹھہرایا جائے گا۔
راج کندرا کو انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلیے عدالتی نظام پر اعتماد ہے جبکہ انہیں یہ بھی امید ہے کہ کارروائی ذمہ دارانہ رپورٹنگ کیلیے ایک مثال کے طور پر کام کرے گی۔