اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجا ریاض نے سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر آج وہ وزیر اعظم ہوتے تو ملک ڈیفالٹ کر چکا پوتا۔
ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے راجا ریاض نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے کہا تھا کہ آپ کا حکومت کرنے کا طریقہ غلط ہے، ہمارا اختلاف چلتا رہا اور چیئرمین پی ٹی آئی نے ملک کا بیڑہ غرق کرنا شروع کر دیا، ہم نے ان سے کہا تھا کہ آپ کا طریقہ ہمارے لیے اور پاکستان کیلیے ٹھیک نہیں ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ 40 سال سے سیاست میں ہوں مگر آج تک ڈی پی او اور ڈی سی پیسے دے کر نہیں لگے، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے دور میں پیسے دے کر تعینات ہوتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف تحریک عدم اعتماد آئی تو ہم نے بھرپور ساتھ دیا، آج ملک ڈیفالٹ نہیں ہوا تو اس میں ہماری اپوزیشن اور ہمارا خون بھی شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے مشکل وقت میں محنت کر کے ڈیفالٹ سے بچایا، انہوں نے اداروں کو صحیح سمت میں کرنے کی کوشش کی، آج اسمبلی کا آخری دن ہے ہم بہت خوش ہے، اس ملک کے ادارے تباہ ہونے لگے تھے انہیں بچایا گیا۔