پشاور: ملک بھر میں رمضان المبارک 1445 ہجری کا چاند نظر آگیا، آج نماز تراویح اور کل پہلا روزہ ہوگا۔
رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج پشاور میں منعقد ہوا جس کی صدارت چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا محمد عبدالخبیرآزاد نے کی۔
اجلاس میں مركزی و زونل ممبران پشاور ،وزارت مذہبی امور، محکمہ سپارکو، محکمہ موسمیات اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے تعلق رکھنے والے نمائندگان شریک ہوئے۔
پورے ملک میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈکوارٹرز لاہور، کراچی،کوئٹہ،اسلام آبادمیں منعقد کیے گئے
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا محمد عبدالخبیر آزاد نے مختلف شہروں سے شہادتیں موصول ہونے کے بعد چاند کی رویت کا اعلان کیا۔
مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ ہمیں ایک ساتھ روزہ نصیب ہوا ہے، ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ملک میں وحدت پیدا کریں۔
انہوں نے کہا کہ رمضان میں ملک کی بقا اور ترقی کے لیے دعا کریں، مظلوم فلسطینیوں اور کشمیریوں کو بھی اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔