’بابر اعظم ناکامی کا خوف دل سے نکال دیں‘

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار بلے باز بابر اعظم جو اس وقت کیریئر کے بُرے دور سے گزر رہے ہیں ایک سابق کرکٹر نے انہیں ناکامی کا خوف دل سے نکالنے کا مشورہ دیا ہے۔

سابق کپتان اور موجودہ کمنٹیٹر رمیز راجا نے اپنے یو ٹیوب چینل پر پاکستان کے مایہ ناز بلے باز بابر اعطم کو فارم کی بحالی کے لیے قیمتی مشورے دیے ہیں اور ان میں سے ایک یہ دیا ہے کہ وہ نا کامی کا خوف دل سے نکال دیں اور بے خوف ہو کر میدان میں اتریں۔

رمیز راجا نے کہا کہ یہ سوشل میڈیا کا دور اور ہر کوئی دوسرے کو نیچا دکھانے پر تلا رہتا ہے۔ اس وقت لگتا ہے کہ پورے پاکستان کو بابر کی فارم کے سوا اور کوئی مسئلہ ہی نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بابر کا مسئلہ الگ ہے، انہیں ٹیسٹ کرکٹ میں قدم جمانے میں کافی وقت لگا تھا، پہلی سنچری بھی 2 برس بعد اسکور کی تھی اور اس کے بعد ہی مستقل مزاجی آئی تھی۔

رمیز راجا نے کہا کہ اب بھی انہیں فارم کی بحالی کیلیے ماضی کو یاد کرنے کے بجائے حال پر توجہ دینا ہوگی۔ فٹ ورک پر کام کرنا ہوگا۔ انہیں پل اور ہک شاٹس کی بہت زیادہ پریکٹس کرنے کی ضرورت ہے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ بابر اعظم کو ناکامی کا خوف دل سے نکالنے کی ضرورت ہے۔ انہیں مثبت سوچ کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا۔

واضح رہے کہ بابر اعظم کا شمار موجودہ کرکٹ میں دنیا کے چند بہترین بلے بازوں میں ہوتا ہے وہ آئی سی سی ون ڈے رینکنگ کے نمبر ون بلے باز ہونے کے علاوہ ٹیسٹ اور ٹی 20 میں بھی سر فہرست بلے باز رہ چکے ہیں تاہم گزشتہ کچھ عرصے سے ان کا بلا رنز نہیں اگل رہا اور خراب فارم کا دور طویل ہوگیا ہے۔

بابر اعظم بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں بھی بری فارم سے باہر نہ آ سکے اور پہلی اننگ میں صفر پر پویلین لوٹ گئے جو ان کے ٹیسٹ کیریئر کا مجموعی طور پر آٹھواں ڈک جب کہ ہوم گراؤنڈ پر پہلی بار تھا۔

https://urdu.arynews.tv/how-did-shaheen-shahs-performance-decline/