بابر اور رضوان کی اوپننگ جوڑی توڑنے پر رمیز راجہ برس پڑے

رمیز راجہ

لاہور: پی سی بی کے سابق چیئرمین رمیز راجہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں بابر اور رضوان کی اوپننگ جوڑی توڑنے پر برس پڑے۔

سابق کرکٹر رمیز راجہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف جاری ٹی 20 سیریز میں محمد رضوان اور بابر اعظم کی کامیاب اوپننگ جوڑی توڑنے کے ٹیم انتظامیہ کے فیصلے پر سخت تنقید کی ہے۔

یوٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے رمیز راجہ نے اوپننگ جوڑی کو توڑنے کے پیچھے دلیل پر سوال اٹھایا اور ایک مضبوط شراکت قائم کرنے کے لیے تسلسل اور مسلسل کام کی اہمیت پر زور دیا۔

رمیز راجہ نے کہا کہ اوپننگ جوڑی بنانے میں وقت لگتا ہے یہ کوئی آسان کام نہیں اگر آپ کے پاس اوپننگ جوڑی ہے تو اسے پہلے آزمائیں، بتائیں بابر اور رضوان کی جوڑی توڑنے سے کیا فائدہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ جب آپ نئے کھلاڑیوں کو لاتے ہیں تو وہ لیگ میں پرفارم کرکے آتے ہیں جبکہ انٹرنیشنل میچ کا پریشر بلکل مختلف ہوتا ہے۔

رمیز راجہ نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں پر دباؤ ہوتا ہے کہ پوری دنیا کی توجہ ان کی طرف ہے، آپ نے اس جوڑی کو توڑ دیا، جس سے پوری دنیا گھبراتی تھی۔

واضح رہے کہ پاکستان کے خلاف پانچ میچز کی ٹی 20 سیریز میں نیوزی لینڈ نے 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔