1996 کے ورلڈ کپ میں بھارت سے شکست کے بعد وطن واپسی پر کیا ہوا؟ رمیز راجا نے بتا دیا

پاکستان ٹیم کو 1996 کے ورلڈ کپ میں روایتی حریف بھارت سے شکست ہوئی تھی جس کے بعد وطن واپسی پر گرین شرٹس کو شائقین کے غم وغصے کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم اس وقت حالیہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں بدترین کارکردگی اور نو آموز امریکی ٹیم سے ہارنے کے بعد شرمناک طریقے سے پہلے ہی راؤنڈ میں میگا ایونٹ سے باہر ہونے کے بعد تنقید کی زد میں ہے اور قومی ٹیم میں سرجری کا آغاز بھی ہوچکا ہے۔

تاہم گرین شرٹس نے پہلی بار کسی میگا ایونٹ میں خراب کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا بلکہ ویسٹ انڈیز میں کھیلے گئے 2007 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں بھی قومی ٹیم انضمام الحق کی قیادت میں نا تجربہ کار آئرلینڈ سے شکست کے بعد پہلے راؤنڈ سے ہی ورلڈ کپ سے باہر ہوگئی تھی جب کہ 1996 کے ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں بھارت سے جیتا ہوا میچ بھی ہار کر گھر واپسی کا ٹکٹ کٹایا تھا۔

1996 کا ون ڈے ورلڈ کپ جو پاکستان، بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا گیا اور پہلی بار میگا ایونٹ میں کوارٹر فائنلز کھیلے گئے۔

اس ناک آؤٹ مرحلے میں پاکستانی ٹیم بنگلورو میں روایتی حریف بھارت کے خلاف میدان میں اتری اور ایک جیتا ہوا میچ ہار کر خالی ہاتھ وطن واپس لوٹی تھی۔

ورلڈ کپ میں شکست وہ بھی روایتی حریف سے جیتی ہوئی بازی ہارنا، قومی ٹیم کے ساتھ وطن واپسی پر کیا ہوا۔ اس کا احوال اس وقت ٹیم کے رکن اور موجودہ کمنٹیٹر رمیز راجا نے بتا دیا۔

ایک مقامی نجی ٹی وی پروگرام میں رمیز راجا نے بتایا کہ جب ہم 1996 کے ورلڈ کپ کا کوارٹر فائنل بھارت سے ہار کر وطن واپس آئے تو قوم بہت طیش میں تھی۔ ایئرپورٹ پر جمع لوگ بہت بھڑکے ہوئے تھے جس کے باعث اس وقت کی حکومت نے ہماری سیکیورٹی بھی واپس لے لی تھی۔

چھٹا ورلڈ کپ 1996، کرکٹ بے بی کہلانے والے ملک سری لنکا کے سر سجا حکمرانی کا تاج

رمیز راجا نے بتایا کہ ہم نارمل ٹرمینل کے بجائے رات گئے حج ٹرمینل پر اترے تاکہ چھپ چھپا کر اپنے گھروں کو چلے جائیں لیکن ہمارے ایک ساتھی نے اپنی گاڑی نارمل ٹرمینل پر منگوائی تھی۔

انہوں نے کہا کہ جب لوگوں نے ہمیں یوں ایئرپورٹ سے نکلتے دیکھا تو فوراً بولے کہ ’’او پھڑو ٹیم آ گئی‘‘۔

https://urdu.arynews.tv/aqib-javed-story-when-pakistan-return-home-after-1996-world-cup/